ٹمکورو،27ستمبر(ایس او نیوز)پچھلے سات ماہ کے دوران ریاست میں 4ہزا ر ڈاکٹروں کا تقرر عمل میں لایاگیاہے،اس سے ہر ایک پرائمری ہیلتھ سنٹر میں بھی ڈاکٹر س کام انجام دے رہے ہیں۔یہ بات ریاستی وزیر برائے صحت وخاندانی بہبود ڈاکٹر کے سدھاکر نے کہی۔انہوں نے یہاں ٹمکور میں کینسر اسپتال اور ماں بچہ اسپتال کے تعمیری کام کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے ا پنے خطاب میں کہاکہ ٹمکور شمالی کرناٹک کا صدردروازہ ہے،پانچ اضلاع سے رابطہ رکھنے والا ٹمکور ضلع تیزی کے ساتھ ترقی کی جانب بڑھ رہاہے۔ضلع میں سدارتھا،شری دیوی میڈیکل کالج ہیں،اس کے علاوہ سدگنگامیڈیکل کالج کے قیام کیلئے پیش کی گئی فائلوں کو نمٹنے کے بعد اس پروگرام میں شرکت کی ہے۔جس ضلع میں طبی خدمات بہتر ہوں وہاں صحت مند ماحول ا ور ترقی کیلئے اچھے مواقع رہیں گے۔سدھاکر نے کہاکہ ٹمکور ضلع اسپتال میں 400بستروں کی استطاعت والے اسپتال کا قیا م عمل میں لایاگیاہے۔راشٹریہ آروگیہ ابھیان کے تحت 100بستروں کی استطاعت والے ماں بچہ اسپتال کی تعمیرکیلئے سنگ بنیاد رکھاگیاہے،جس کی لاگت 20کروڑ روپئے ہے،اس میں سے 60فیصد مرکزی حکومت اور 40فیصد ریاستی حکومت کے فنڈ سے یہ تعمیری کام کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں ہونے والی ایک لاکھ زجگیوں میں 122مائیں موت کا شکار ہورہی ہیں،ریاست کرناٹک میں 97ماؤں کی موت ہورہی ہے۔ماؤں کی زجگیوں کی اموات کی شرح میں کمی لانے کے مقصد سے مرکزی حکومت ماں بچہ اسپتالوں کی تعمیر کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ریاستی وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی نے اسپتال کی نئی عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔اس اجلاس میں وزیربرائے بنیادی وثانوی تعلیم ناگیش،رکن پارلیمان بسوراج،رکن اسمبلی جیوتی گنیش،رکن قانون ساز کونسل چدانند ایم گوڈا،رکن اسمبلی راجیش گوڈا اوردیگر موجود تھے۔